انقرہ31جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سلامتی کی خراب صورت حال کے تناظر میں گزشتہ برس ترکی میں سیاحت کی مد میں آمدنی میں تیس فیصد کمی دیکھی گئی۔ ترکی کے ادارہ برائے شماریات کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس سیاحت کے مد میں ہونے والی آمدن 22.1 ارب ڈالر رہی، جو سن 2015ء کے مقابلے میں 29.7 فیصد کم تھی۔ یہ بات اہم ہے کہ ترکی میں حالیہ کچھ عرصے میں خودکش بم حملوں کی ایک لہر دکھائی دی ہے، جس میں مرکزی ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ جولائی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد سخت ترین حکومتی کریک ڈاؤن کے تناظر میں بھی غیرملکی سیاح ترکی کا سفر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔